چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی کاوشوں سے بلدیہ شرقی کے اسکولوں نے نجی اسکولوں کو مات دینا شروع کر دی

School

School

کراچی : چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی کاوشوں سے بلدیہ شرقی کے اسکول انٹرنیشنل ایوارڈ کیلئے منتخب ہونا شروع ہو گئے ہیں برٹش کونسل کی جانب سے نجی اسکولوں کے مقابل بلدیہ شرقی کے تین اسکولوں بلدیہ شرقی گرلز سیکنڈری اسکول پی آئی بی کالونی،بلدیہ شرقی انگلش میڈیم اسکول جیل روڈ ،بلدیہ شرقی گرلز پرائمری اسکول گلشن زون کو بہترین اسکول کے لحاظ سے ایوارڈ دئیے جائیں گے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی جانب سے بلدیہ شرقی کا چارج سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وہ بلدیہ شرقی کے اسکولوں کو مرحلہ وار نجی اسکولوں کے معیار کے مطابق لے کر جائیں گے جو عملی روپ دھار چکا ہے بلدیہ شرقی کے دو اسکولوں میں نجی اسکولوں کو پڑھائے جانے والے کورسز مفت پڑھائے جا رہے ہیں۔

جبکہ نجی اسکولوں میں اسی طرز کی تعلیم کیلئے ماہانہ ہزاروں روپے فیسز وصول کی جاتی ہیں چئیرمین ایجوکیشن کمیٹی ندیم خواجہ ،ڈائریکٹر ایجوکیشن شیر علی ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور بالخصوص اساتذہ کرام کی شبانہ روز محنت کے باعث ضلعی بلدیات میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ اعزازات سے نوازنے کا بھی آغاز ہو رہا ہے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کا بنیادی مقصد تفریق کو ختم کرنا ہے جو تعلیم مہنگے اسکولوں میں دی جاتی ہے اور ہمارے غریب بچے ان اسکولوں تک دسترس نہ ہونے کی وجہ سے احساس محرومی کا شکار ہو جاتے ہیں اب مکمل طور پر اعتماد کے ساتھ بلدیہ شرقی کے اسکولوں سے حاصل کر سکتے ہیں اس سلسلے کو مزید دراز کرتے ہوئے بلدیہ شرقی کے ہر اسکول تک پہنچایا جائیگا۔.