اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان شہری نقل و حرکت، شہری انتظام اور خدمات کی فراہمی، پانی کی فراہمی اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبوں کے لیے 78 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا ہے۔
پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے دستخط کیے جبکہ عالمی بینک کی جانب سے بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر پیچامتھو ایلن گوین نے دستخط کیے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر بھی عالمی بینک کے ساتھ 787 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔
اعلامیہ کے مطابق ییلو موبیلٹی لائن پراجیکٹ کراچی کے لیے 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، کراچی پانی و نکاسی بورڈ کی مالی اور آپریشنل مدد اور صاف پانی کی فراہمی کیلیے چار کروڑ ڈالر ، کراچی کیلئے مسابقت اینڈ لائیو ایبل سٹی پراجیکٹ کے لئے 23 کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے اس پراجیکٹ کے مدنظر کراچی میں کاروبار اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار حالات فراہم ہوں گے۔