بماکو (اصل میڈیا ڈیسک) مالی میں فرانسیسی فوج کے 2 لڑاکا ہیلی کاپٹرز فضا میں ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی فوج کے ہیلی کاپٹرز کے درمیان تصادم کا واقعہ افریقی ملک مالی میں عسکریت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ رات کے اندھیرے میں دونوں ہیلی کاپٹرز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے ہیلی کاپٹرز تصادم میں 6 کمانڈوز اور ایک آفیسر سمیت 13 اہلکاروں کی موت تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تصادم برکینا فاسو اور نائجر کے سرحدی علاقے کے نزدیک پیش آیا جہاں ان ہیلی کاپٹرز نے فوجی جوانوں کو النصرہ کے جنگجوؤں کے ایک گروہ کے خاتمے کے لیے آپریشن کرنا تھا،فوجی ہیلی کاپٹرز کے درمیان تصادم کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
مالی میں انتہا پسندوں کے خلاف آپریشن میں مقامی فوج کی مدد کے لیے 2013 سے ہزاروں فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔ فرانس کی پارلیمنٹ میں ہلاک ہونے والوں فوجیوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔