سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس امید کا اظہار کہا ہے کہ 2020ء سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یواے ای) کی کامیابیوں کا سال ہو گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بات ابوظبی میں سعودی عرب، یو اے ای رابطہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ”2020ء دونوں ملکوں کے لیے کامیابیوں کا سال ہے کیونکہ سعودی عرب اس سال میں گروپ 20کا صدربنے گا اوراس کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔یو اے ای نمائش 2020ء منعقد کرے گا۔یہ دونوں اہم واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ممالک کی ( دنیا میں) کیا حیثیت ہے۔”
شہزادہ محمد بن سلمان نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر کے ساتھ رابطہ کونسل کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی ہے۔اس موقع پرسعودی عرب کی جانب سے یواے ای کو گروپ 20 کے سربراہ اجلاس میں بہ طور مہمان ملک شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ولی عہد نے کہا کہ ’’سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات ایک مشترکہ معیشت کی حیثیت سے آگے بڑھ سکتے ہیں اور وہ دنیا کی دس بڑی معیشتوں اور دس بڑی مالیاتی مارکیٹوں میں شمار ہونا چاہتے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے یہاں اس وقت مختلف معاشی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ڈھائی ارب ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔ ہماری مالیاتی مارکیٹوں کا حجم 720 ارب ڈالر سے بڑھ چکا ہے اور ہم دنیا کی دس بڑی مالیاتی مارکیٹوں میں شمار ہوناچاہتے ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کی معیشتوں کے ادغام سے نہ صرف دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس سے خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
شیخ محمد بن زاید نے اس موقع پر سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔انھوں نے معیشت اور سکیورٹی سمیت بیس مشترکہ شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کا حوالہ دیا۔
سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مختلف سمجھوتے طے پائے ہیں۔ان میں صحت ، ثقافت اور خوراک کی ضمانت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتیں بھی شامل ہیں۔
سعودی، اماراتی رابطہ کونسل کے اجلاسوں میں سائبر سکیورٹی میں تعاون ،مشترکہ سیاحتی ویزے اور سعودی ،اماراتی نوجوان کونسل کے اقدام سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔