کراچی : مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت تاریخ کی بدترین حکومت بن چکی ہے، عوام ایک منٹ کے لیئے بھی عمران خان کو برداشت کرنے کو تیار نہیں ، میاں نواز شریف کی بیماری کا مذاق بنانے والے خود عوام کے سامنے مذاق بن چکے ہیں ، موجودہ حالات نئے انتخابات کی جانب جا رہے ہیں ، وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے نا اہلی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ہاءوس کراچی سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری کا کہنا تھا کہ عوام بھوکی مر رہی ہے، بیروزگاری نے عوام کو بے حال کردیا ہے ، عمران خان کو معلوم ہی نہیں ہے کہ ملک میں کیا فلم چل رہی ہے، اس وقت ہر طبقہ فکر حکومت سے نالاں ہے، اگلی حکومت پاکستان مسلم لیگ ن کی ہو گی۔
مہنگائی اور بیروزگاری سے ملک میں خانہ جنگی والی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، بیروزگاری سے تنگ لوگ ڈکیتیوں اور دیگر جرائم کی جانب بڑھ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں آمرانہ ذہنیت کے حامل لوگوں کی حکومت ہے جو یہ چاہتے ہیں کہ ان کوکوئی نہ پوچھے وہ ملک کےساتھ جو دل چاہے سیاہ و سفید کرتے رہیں ، ملک و قوم کے جو حالات ابھی ہیں کسی بھی حکومت میں نہیں ہوئے، اس وقت لوگ پریشان ہیں اور کاروباری طبقہ حکومت سے تنگ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ایک سلیکٹڈ اور کمزور وزیراعظم ہیں جو سیاسی مخالفین کو برداشت نہیں کرسکتے ، مسلم لیگ ن کی عوامی مقبولیت وزیراعظم کے اعصاب پر سوار ہے جو ان سے برداشت نہیں ہورہی ہے اور وہ اپنے سیاسی مخالفین کو غیر آئینی اور غیر قانونی طریقوں سے پریشان کرنے کے لیئے اداروں کو استعمال کر رہے ہیں ، مسلم لیگ ن آئین و قانون کی پاسداری کی خواہاں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے ملک قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنے اپنے فراءض انجام دیں نہ کہ کسی ایک پارٹی یا فرد کو اپنا ٹارگٹ بنائیں۔