واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
حادثہ امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا میں پیش آیا، چیمبر لین میونسپل ائیرپورٹ سے پی سی 12 ایئر کرافٹ اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی گر گیا، امدادی ٹیمیں فوری پر حادثے کی جگہ پر پہنچ گئیں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق سنگل انجن طیارہ چیمبرلین سے اداہو فالز کے مقامی ائیرپورٹ کی جانب محو سفر تھا کہ موسم کی شدت کے سبب حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس وقت علاقے میں ایک انچ فی گھنٹہ کے تناسب سے شدید برفباری جاری تھی، محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے سبب حد نگاہ ایک میل سے بھی کم رہ گئی تھی۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق جہاز گرنے کی مزید تفصیلات جاننے کی کوشش جاری ہے۔