پاکستان فن موسیقی میں کسی بھی طرح بھارت سے کم نہیں، راحت فتح

Rahat Fateh Ali Khan

Rahat Fateh Ali Khan

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سر، لے اور تال کے بے تاج بادشاہ اور دنیا میں بھر میں یکساں مقبولیت حاصل کرنے والے راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان موسیقی کے میدان میں کسی بھی طرح بھارت سے پیچھے نہیں۔

مقامی اخبار کو انٹرویو میں فن موسیقی کے درخشاں ستارے نے پاکستان میں موسیقی کے روشن مستقبل کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، باصلاحیت گلوکاروں کی بھرمار ہے، سہولیات اور مواقع کے فقدان کے باوجود پاکستان فن موسیقی میں کسی بھی طرح بھارت سے پیچھے نہیں۔

راحت فتح علی خان نے فن قوالی کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا خاندان صدیوں سے اس فن سے منسلک ہے، دنیا کو قوالی کی صنف سے روشناس کرایا ہے، یہ ہماری اساس ہے، بزرگوں کا اثاثہ ہے جس کے احیاء کے لیے مستقبل میں نئے پروجیکٹس پر کام کروں گا۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں دھاک بٹھانے والے راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں پاکستانی فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دے رہا ہوں لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں قوالی کی صنف سے جڑے رہنا چاہتا ہوں اس سلسلے میں آئندہ برس صوفیا کی پسندیدہ روایتی قوالیوں کا ایک البم ریلیز کرنے کا ارادہ ہے۔

نصرت فتح علی خان نے مزید کہا کہ گانے، فلمی نغمے اور قوالیاں موسیقی کی تین الگ الگ اقسام ہیں، قوالی میں روحانیت ہے جو میری نئی آنے والی البم کا خاصہ ہوگی جس سے قوالی کے احیا کو فروغ حاصل ہوگا اور شائقین کو بھی پسند آئیں گی۔

موسیقی کے اعلیٰ خانوادے سے تعلق رکھنے والے راحت فتح علی خان نے چربہ سازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ برسوں کی محنت کو ایک لمحے میں چرا کر اپنے نام سے چلا دیتے ہیں جس پر دلی تکلیف ہوتی ہے، چربہ سازی کو روکنے کے لیے سخت قانون سازی اور اس پر عمل درآمد کا ہونا ضروری ہے۔