اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ نے آشیانہ اقبال کیس میں امتیاز حیدر کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ سپریم کورٹ میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے سابق چیف ایگزیٹو آفیسر امتیاز حیدر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تاثر دیا گیا سپریم کورٹ نے نیب قانون میں سختی کر دی ہے، کہا گیا کسی کو نقصان یا فائدہ پہنچانے کیلئے عدالت نے قانون سخت کیا، عدالت نے سختی نہیں کی صرف قانونی پوزیشن واضح کی تھی۔ حکومت کو نیب قانون تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر اس معاملے کو ہم تفصیل سے سنیں گے توہم مکمل انصاف کریں گے، ہوسکتا ہے ہم اس پورے کیس کو ختم کردیں، ایک سال 8 ماہ کا وقت بہت طویل وقت ہے، قانون میں 30 دن کا وقت دیا گیا ہے، امتیاز حیدر کا کوئی کردار نہیں بنتا، امتیاز حیدرکے اپنے کردار کو دیکھنا ہے۔
سپریم کورٹ نے امتیازحیدر کی درخواست ضمانت منظور کر لی جب کہ ملزم کا پاسپورٹ جمع کرانے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو دس، دس لاکھ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔