اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) 16 دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
2019 کی اس آخری پولیو مہم میں 260000 پولیو ورکرزحصہ لے رہے ہیں،پاکستان پولیو پرگرام کے مطابق وزیراعظم نے جمعہ کے دن بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ مہم کا آغاز کیا، معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پولیوویکسین انتہائی محفوظ ہے اور یہ ہمارے بچوں کو پولیو جیسے خوفناک مرض سے بچانے کیلیے بہت ضروری ہے۔
پولیو کے پاکستان میں خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ تمام5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں اور تمام والدین اس سلسلے میں اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔
پاکستان اور افغانستان دنیا میں2ممالک رہ چکے ہیں جہاں پر پولیو کی بیماری پائی جاتی ہے، ہماری اجتماعی ذمے داری ہے کہ اس موذی مرض کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں، پولیو کیسز میں اضافہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے نہیں پلوائے گئے۔
کوارڈینٹر قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مکتبہ فکر سے اپیل ہے کہ 16 سے20 دسمبر تک اپنے 5 سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں، اگر کسی وجہ سے بچوں کو قطرے نہیں پہنچ پاتے تو والدین صحت محافظ ہیلپ لائن 1166 پر اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔