اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لئے پارلیمنٹ کو مزید 10 روز کا وقت دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے تعیناتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری قومی اسمبلی عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست کی کہ ہمیں مزید دس دن کا وقت دیا جائے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی سپریم ہے یہ معاملہ پارلیمنٹ نے ہی حل کرنا ہے، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف آگے آکر معاملہ حل کرائیں، الیکشن کمیشن اہم ادارہ ہے جس میں ایسا شخص لگایا جاتا ہے جس پر عوام کا اعتبار ہو، کیا آپ کو ایک بھی ایسا آدمی نہیں مل رہا؟ ، شاید پارلیمنٹ انتہائی موزوں شخص ڈھونڈ رہی ہے اس لئے وقت لگ رہا ہے۔
عدالت نے اسپیکراسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو معاملہ حل کرنے کے لئے مزید 10 روز کا وقت دیتے ہوئے سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔