اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین یہ ملاقات جنیوا میں پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم کے موقع پر ہوئی۔ بات چیت کے دوران اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان اہم امو رکے حوالے سے یکساں نکتہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کی ملاقات عالمی پناہ گزین کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امور پر گفتگو ہوئی اور آئندہ سال ہونے والی اعلی سطح اسٹریٹجک کونسل اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اعلی سطحی سٹریٹجک کو آپریشن کونسل کے چھٹے اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کیا جو اگلے سال کے اوائل میں اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے حوالے سے او آئی سی رابطہ گروپ میں ترکی کے فعال کردار سمیت مسلہ کشمیر سے متعلق ترکی کی مسلسل حمایت کو سراہا ہے۔ عمران خان نے دنیا کی دوسری بڑی مہاجر آبادی کی میزبانی کیلئے ترکی کے اقدامات کی بھی تعریف کی ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملکوں کو مطلوبہ ضروریات فراہمم کریں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کمشیر کے معاملے پر ترکی کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے پناہ گزینوں کی سب سے بڑی آبادی کی میزبانی پر بھی ترکی کے اقدامات کو سراہا۔