واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے سے متعلق دو الزامات کی منظوری کے لیے ایوان نمائندگان میں ووٹنگ آج ہو گی۔
اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ ایوان امریکی آئین کے تحت حاصل ٹھوس اختیارات استعمال کرتے ہوئے صدر کے مواخذے کے لیے دو آرٹیکلز کی منظوری دے گا۔
نینسی پلوسی نے کہا کہ امریکی تاریخ کے اس اہم موڑ پر اپنے آئین کے تحفظ کے لیے اٹھائے حلف کی پاس داری کرنا ہو گی
گزشتہ ہفتے ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف طاقت کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کی منظوری دے چکی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈیمو کریٹک پارٹی کی مسلسل مواخذے کی کوشش پر برہم ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 صفحات پر مشتمل خط میں ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی کو کہا کہ مواخذہ “بغاوت” کی ایسی کوشش ہے جو امریکا کی جمہوریت کو تہس نہس کر دے گی۔
امریکی صدر نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ یہ تاریخ آپ کے خلاف سخت فیصلہ دے گی۔
خیال رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے سیاسی مخالفین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے دوسرے ملک پر دباؤ ڈالنے کے الزام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی تھی جسے قانونی قرار دے کر اس پر تحقیقات جاری ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے یوکرین میں تعینات سابق امریکی سفیر سے بھی پوچھ گچھ ہو چکی ہے اور انکوائری کمیٹی نے امریکی صدر کو بھی مواخذے کی کارروائی کے لیے طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی۔
ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی اب ایوان زیریں میں چلی گئی ہے جہاں حزب اختلاف ڈیموکریٹک پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ ایوان سے منظور ہونے کے بعد مواخذے کی کارروائی کی سماعت 100 رکنی امریکی سینیٹ میں کی جائے گی جہاں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔