اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مری میں آمنہ بی بی پر فائرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ میرا عدالتی کیرئیر کا آخری مقدمہ ہے، سب کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
آمنہ بی بی کے وکیل نے بتایا کہ ملزمان ساجد، راشد اور قدیر تینوں نے گھر میں جاکر فائرنگ کی، لیکن آمنہ بی بی جب عدالت میں پیش ہوئیں تھی تو انہوں نے ملزمان کی ضمانت سے اعتراض نہیں کیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا، لگتا ہے ضمانت کے بعد معاملات خراب ہوئے۔ وکیل نے کہا کہ آمنہ بی بی کو جو گولیاں لگیں انکے چھرے جسم کے اندر ہیں اور وہ اسپتال میں ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم معاملے پر کوئی رائے نہیں دے رہے کیونکہ ابھی ٹرائل چل رہا ہے۔ عدالت نے یہ کہہ کر معاملہ نمٹا دیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ آج رات 12 بجے ریٹائر ہو جائیں گے۔