لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔
جوڈیشل ریمانڈ کی مدت پوری ہونے پر رانا ثناء اللہ کو انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن کے روبرو پیش کیا گیا۔
رانا ثناءاللہ کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے وکلاء کی ہڑتال کے باعث رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی اور انسداد منشیات فورس کے حکام کو رانا ثناء اللہ کو 4 جنوری 2020 کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثناءاللہ کو 2 جولائی 2019 کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناء کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔