اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جسٹس گلزار احمد نے بطور چیف جسٹس پہلے کیس میں پنجاب کے پٹواری کی اپیل مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ محمد نواز کا معاملہ ثابت ہے اس نے عدالتی حکم کے بر خلاف کام کیا، پٹواری مس کنڈکٹ کا مرتکب پایا گیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پٹواری کے وکیل نے جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ آپ پہلا کیس ان کا سن رہے ہیں۔
وکیل نے دلائل دیئے کہ گرداور اور تحصیلدار بھی ملوث تھے، سارا بوجھ پٹواری پر ڈال دیا گیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل کو پٹواری کے کیس پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔
عدالت نے پٹواری محمد نواز کی اپیل خارج کر دی، پٹواری محمد نواز کو 2012 میں نوکری سے بر طرف کیا گیا تھا۔