ایل این جی کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور

Miftah Ismail

Miftah Ismail

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو وجوہات پرمفتاح اسماعیل کو ضمانت نہیں دینی چاہیے، مفتاح اسماعیل کے کچھ اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے امکانات ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ملزم باہر آجائے تو اس کا نام ای سی ایل پر رکھا جا سکتا ہے جس پروکیل حیدر وحید نے عدالت کو بتایا کہ مفتاح اسماعیل کا نام پہلے ہی ای سی ایل پر ہے۔

عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ایک کروڑ روپے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔