اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر فیصلہ کرے گی۔
اجلاس کے دوران ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت فروخت کے تعین کی منظوری، فیڈرل لینڈ کمیشن کے سینئرممبرکی تعیناتی کی منظوری اور ایل او سی کے اطراف رہنے والے شہریوں کے لیے خصوصی ریلیف گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ جب کہ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔
اجلاس میں فرسٹ ویمن بینک اورایگزیم بینک کے سی ای اوز کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی، پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی، بورڈ کی تشکیل نو اور قانون میں ترمیم کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن اوراراکین کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جی ایم آپریشنز کی پاک بحریہ سے ڈیپوٹیشن کا معاملہ اور نیشنل پاور پارک مینجمنٹ کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کا معاملہ بھی زیرغورآئے گا۔