بیروت (اصل میڈیا ڈیسک) شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ مشرقی شام میں بدھ کے روز نامعلوم جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں البوکمال شہر میں کم سے کم پانچ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہو گئے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا یہ بمباری کس نے کی ہے؟۔
آبزرویٹری نے بتایا کہ نامعلوم طیاروں نے دیر الزور کے مشرقی دیہی علاقے البوکمال شہر کے وسط میں ایران نواز ملیشیا کے 47 ویں بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔
آبزرویٹری نے متعدد دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔ تنظیم کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ البوکمال میں حملہ ڈرون طیاروں کی مدد سے کیا گیا۔ البوکمال شہر شامی عراق کی سرحد کے قریب انتہائی مشرق میں واقع ہے جب کہ دیر الزور میں مختلف شامی گروپوں کا کنٹرول ہے۔
اس علاقے میں شامی حکومت کی فورسز کو ایران نوازجنگجوئوں اور عراقی شدت پسندوں سمیت غیر ملکی عسکریت پسند گروپوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں ‘داعش’ کے خلاف سرگرم ‘واشنگٹن’ کے حمایت یافتہ شامی ڈیموکریٹک فورسز بھی تعینات ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق 8 دسمبر کو البوکمال کےعلاقے کو نشانہ بناتے ہوئے پانچ ایران نواز جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔