اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہواؤں کا رخ بدلتا ہے لیکن لوٹ کر اپوزیشن کی طرف ہی آ جاتا ہے۔
حمزہ شہباز کا پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بینظیر بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو ایک بہادر عورت تھیں، انہوں نے ایک مقصد کے لیے اپنی جان دی۔
ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ نہ پوچھیں 2019 بزدار حکومت کے لیے کیسا رہا، یہ پوچھیں 2019 غریب عوام کے لیے کیسا رہا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ 2019 عوام کے لیے مہنگائی، بیروزگاری اور مشکلات کا سال رہا، حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کی کوشش کرتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 14 ماہ سے عوام کیساتھ جھوٹ بولتی رہی، عدالتوں کے فیصلے خود بول رہے ہیں کہ ثبوت نہیں ہیں، یہ کون سا نیا پاکستان ہے جہاں ہر چیز میں دوہرا معیار ہے۔
قومی احتساب بیورو کی اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں سے متعلق سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ احتساب نہیں انتقام کا سلسلہ چل رہا ہے، ہواؤں کا رخ بدلتا ہے لیکن لوٹ کر اپوزیشن کی طرف ہی آ جاتا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پشاور کا بی آر ٹی منصوبہ سب کے سامنے ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل چیئرمین نیب جسٹس ریٹائر جاوید اقبال نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہواؤں کا رخ بدل رہا ہے، مالم جبہ اور بی آر ٹی منصوبے پر ریفرنسز تیار ہیں۔