صنعا (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں فوجی اہلکاروں کی گریجویشن پریڈ کے دوران زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے جنوبی شہر ال دہلیہ میں فوج کی گریجویشن پریڈ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔فوجی پریڈ متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ سیکیورٹی بیلٹ فورسز کے اہلکاروں کی تھی جو حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا فوجی پریڈ کے دوران مہمانوں کے اسٹیج کے پاس ہوا جس کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔
دوسری جانب العربیہ نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکا میزائل حملے کے باعث ہوا جو حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے تھے۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے جائے وقوعہ سے حوثی باغیوں کے 3 کارندوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 2014 سے جاری ہے جس میں ہزاروں لوگ اپنی جانوں سے گئے جب کہ لاکھوں افراد کو بے گھر ہونا پڑا ہے۔ اس دوران عالمی قوتوں اور اداروں کی امن اور مذاکرات کی تمام کاوشیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔