اسلام آباد : الخدمت فاءونڈیشن اسلام آباد کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کے بچوں کے لیے تفریحی دورے کا انتظام کیا گیا جس میں 40 سے زائد سٹریٹ چلڈرن نے شرکت کی ۔ ورلڈ چلڈرن ڈے کی مناسبت سے الخدمت فاءونڈیشن اسلام آباد کے زیر انتظام قائم چائلڈ پروٹیکشن سنٹر نیوشکریال اسلام آباد میں زیر تعلیم بچوں کو چڑیا گھراورپلے لینڈ کا دورہ کرایا گیا جس سے بچے خوب لطف اندوز ہوئے ۔ بعد ازیں سٹریٹ چلڈرن فیصل مسجد بھی گئے ، جہاں انہیں فیصل مسجد کی تاریخ اور حدود اربع کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔
الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹر (سی پی سی) کے ایڈمنسٹریٹر جمیل ڈوگر نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔ واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ سٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے گلی محلوں سے کچرا چننے اور محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔