اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے۔
یوم حق خودارادیت کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کارروائیوں کامقصد کشمیرکی متنازع حیثیت تبدیل کرناہے، بھارت یواین فیکٹ فائڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔
وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو عالمی برادری کے ضمیر پر بوجھ ہے، سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دینے کے وعدے پرعمل کرے، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھےگا۔ وزیرخارجہ نے بھارت کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ بھارت میں لگاتار ظلم وستم اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔
واضح رہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں کہ وہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔