حماس کے سربراہ تہران میں قاسم سلیمانی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے: ویڈیو

Ismail Haniya

Ismail Haniya

تہران (اصل میڈیا ڈیسک) فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ دو روز قبل اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے جہاں انہوں نے مقتول ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس کے بعد وہ تہران میں قاسم سلیمانی کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔ تہران میں مقتول کمانڈر سلیمانی کی رہائش گاہ اسماعیل ھنیہ اور ان کی جماعت کے اہم ممبران کے علاوہ اسلامی جہاد کے سربراہ زیادہ النخالہ بھی موجود تھے۔

ایران کے ایک ٹی وی چینل نے اسماعیل ھنیہ اور اسلامی جہاد کے لیڈر زیاد النخالہ کو قاسم سلیمانی کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے دکھایا ہے۔

قبل ازیں جمعہ کے روز حماس نے امریکی حملے میں مارے جانے والے قاسم سلیمانی کو ‘شہید القدس’ قرا ر دیا تھا۔

گذشتہ روز اسماعیل ھنیہ قاسم سلیمانی کی یاد میں لگائے گئے تعزیتی ریفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سلیمانی کا قتل تاریخ کا سیاہ ترین جرم ہے اور اس جرم کے مرتکب لوگوں کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیمانی القدس کا شہید ہے۔ ان کی شہادت سے فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت مضبوط اور تیز ہوگی۔

خیال رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو امریکی فوج نے جمعہ کی صبح کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کےقریب ایک ڈرون حملے میں ہلاک کردیا تھا۔ اس حملے میں کئی ایرانی اور عراقی سینیر جنگجو بھی شامل تھے جن میں الحشد ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس بھی شامل ہیں۔