لاہور : پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی پورٹل زمین ڈاٹ کام نے الائیڈ بینک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق اب صارفین کو آسان ہوم فنانسنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔زمین ڈاٹ کام کے لاہور سینٹر آفس میں دستاویزات پر دستخط کرنے کے موقع پر زمین ڈاٹ کام کی جانب سے احمد بھٹی ‘کنٹری ہیڈ، شجاع اللہ خان ‘ سینئر ڈائریکٹر سنٹرل، عمر فاروق‘ منیجر بینکنگ اور الائیڈ بینک کی جانب سے طاہر حسین بختیاری ‘ گروپ ہیڈ، محمد ابراہیم حسن سید‘ ریجنل ہیڈ، مقسط حسین‘ریجنل ہیڈ اور عائشہ قدیر خان ‘ یونٹ ہیڈ شریک ہوئیں۔ معاہدے کے مطابق زمین ڈاٹ کام کے صارفین الائیڈ بینک ہوم فنانس کی بدولت گھروں کی خریداری اور تعمیر و مرمت کے اخراجات باآسانی اور وقت پر اُٹھا سکیں گے۔ دوسری جانب زمین ڈاٹ کام سے ہاؤس فنانسنگ کی لیڈز کو الائیڈ بینک کی جانب منتقل بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زمین ڈاٹ کام کے کنٹری ہیڈ احمد بھٹی کا کہنا تھا کہ زمین ڈاٹ کام پاکستان میں بھروسے کا معروف نام ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی دیگر کاروباری اکائیاں بھی ہمارے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ویب سائٹ کے ماہانہ وزٹس اب 55 لاکھ ماہانہ کی حد کو عبور کر چکے ہیں اور اس معاہدے کا فائدہ صرف ہمارے صارفین ہی کو نہیں بلکہ پراپرٹی کے پورے شعبے کو حاصل ہوگا ۔ یہ پروگرام سب کے مفاد میں ہے لہذا ہمیں یقین ہے کہ یہ پروگرام کامیاب ہو جائے گا۔ الائیڈ بینک کے گروپ ہیڈ طاہر حسین بختیاری نے کہا کہ زمین ڈاٹ کام کے درمیان یہ اہم تعاون ہمارے اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم پاکستانیوں کو اُن کے خوابوں کے گھرکی خریداری میں معقول نرخ اور دیگر سہولت فراہم کرنے میں معاون ثابت ہونگے تاکہ ملک بھر میں موجود گھروں کی طلب کو مستحکم کیا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پراپرٹی کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تصورکیا جاتا ہےا ور امید ہے کہ الائیڈ بینک کے اس قدم سے پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ کو ترقی حاصل ہو گی۔