اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی کے ردعمل میں کہا ہے کہ پاک فوج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کے ردعمل میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار فوجی کارروائی کے بیانات گیدڑ بھبکی ہیں، بھارتی آرمی چیف کا بیان اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی دہلی میں جنرل منوج مکنڈ نروانے نے اپنی پہلی میڈیا بریفنگ میں پرانا بھارتی راگ الاپتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی قرارداد ہے کہ پوراکشمیر بھارت کاحصہ ہے۔
جنرل منوج مکنڈ نروانے کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سے متعلق پارلیمنٹ سےجب بھی حکم ملا ہم مناسب کارروائی کریں گے۔
بھارتی آرمی چیف اس سے قبل بھی پاکستان کے خلاف جارحیت سے متعلق ایسی ہی ہرزہ سرائی کرچکے ہیں، اپنے ایک سابقہ بیان میں جنرل منوج مکنڈ نروانے کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد کشمیر میں عسکریت پسندی کے مبینہ ٹھکانوں پر پیشگی حملوں کا حق رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں اس وقت شہریت کے متنازع بل کے خلاف احتجاج جاری ہے جس کے باعث بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارتی ریاست آسام ملتوی کرنا پڑا تھا۔
بھارت بھر کی ہی جامعات میں طلبہ و طالبات بھی مودی حکومت کے انتہاپسند اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جس پر بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔