پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت سے رابطے کے بعد پنجاب سے آٹے کی ترسیل شروع ہو گئی جس کے بعد قیمتوں میں تو کسی حد تک کمی ہوئی لیکن نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران، صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ پنجاب سے آٹے کے بیس سے پچیس ٹرک پشاور پہنچ گئے، آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رامبیل کے مطابق پنجاب میں قائم چیک پوسٹوں کے باعث گزشتہ پانچ روز سے آٹے کی سپلائی مکمل طور پر بند تھی تاہم گزشتہ رات آٹے کی سپلائی بحال ہونے سے بحران ختم ہو چکا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی کسی حد تک کمی ہوئی ہے۔
آٹے کی قیمت بڑھنے سے نانبائیوں نے بھی روٹی کی قمیت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے ۔تاہم عوام نے روٹی کی قیمت میں اضافہ مسترد کردیا۔
نانبائی ایسوسی ایسشن کے صدر خائستہ گل کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور نے غیراعلانیہ طور پرانہیں 170گرام روٹی کی قیمت 15 روپے پر فروخت کی اجازت دے دی ہے تاہم جب تک نرخنامہ مقرر نہیں کیا جاتا اس قیمت پر فروخت نہیں کریں گے۔