اسلام آباد (پریس ریلیز) الخدمت فاوَنڈیشن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے آزاد کشمیر میں بارش، برف باری اورلینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ الخدمت فاوَنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے اس حوالے سے کہا کہ الخدمت فاوَنڈیشن آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر الخدمت کی امدادی ٹی میں متاثرہ علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں لیکن راستے بند ہونے کی وجہ امدادی کاموں اور متاثرہ علاقے تک امدادی سامان کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ البتہ الخدمت کی مقامی ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
جلد ہی متاثرہ علاقوں سرگن بکوالی، کیل، ڈھکی چناڑ، لوات بالا، دودھنیال صبائی متاثرین تک ادویات، خوراک، ٹینٹ، ترپال، گرم کپڑے،بستر پر مشتمل ضروری امدادی سامان پہنچا دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کی وادی استور کے علاقوں دویان،شالٹر،تربلنگ،شاہی بستی، نصیرآباد اور بنجی میں متاثرین زلزلہ میں 100فوڈ پیکجز، 40ٹینٹس، 100ترپالیں اور 100ونٹر پیکجز تقسیم کئے گئے ہیں ۔ تاہم بڑے پیمانے پر تباہی کے پیشِ نظر اب بھی ایک بڑے ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے جس کے لئے عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ الخدمت فاوَنڈیشن کا ساتھ دیں۔