کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابقہ رکن قومی اسمبلی شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ حالات اس ڈگر پر پہنچ گئے ہیں جہاں تحریک انصاف کی حکومت کا جانا ضروری ہو گیا ہے، قوم اب اس بات کو جان گئی ہے کہ میاں نواز شریف ہی متبادل ہیں ، میاں نواز شریف کی واپسی تک ملک کے حالات سازگار ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں ، کوئی بھی دوسرا لیڈر میاں نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتا، عمران خان اور انکی ساری کابینہ اس بات کو جان چکی ہے کہ حکومتی امور چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے اور ان کی حکومت کو کوئی نہیں بچا سکتا، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ہاءوس سے جاری کردہ بیان میں کیا ، شبیر حسن انصاری کا کہنا تھا کہ اگر سندھ سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی لیڈر و سیاست دان اور بیوروکریٹس سندھ کی عوام کی تکلیف اور ان کا درد اپنے سینے میں رکھ کر کام کریں تو سندھ پنجاب کی طرح بہت ترقی کریگا، دکھ اس بات کا ہے کہ سندھ کے سرکاری محکموں میں ملازمین دس بجے کے بعد آنا شروع ہوتے ہیں تو صوبہ کیسے ترقی کریگا ، کوئی سننے اور پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں اسوقت شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے ہر چیز عام آدمی کی دسترس سے باہر ہو گئی ہے اور عوام کی قوت خرید مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے، مہنگائی نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کرپشن میں اضافہ ہوا، ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست کے دعوءوں کی قلعی کھل کر سامنے آ گئی ہے،سیاسی مخالفین پر کرپشن اور بد عنوانی کے الزامات لگانے والے عمران خان اوران کے حواری اب کس منہ سے عوام کے سامنے جائیں گے، ماضی میں ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو سامنے رکھ کر حکمرانوں کو جھوٹا اور کرپٹ کہنے والے عمران خان اب کیسے اس رپورٹ کو جھٹلائیں گے، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ نے تحریک انصاف کی حقیقت عوام پر آشکار کردی ہے، تحریک انصاف کی حکومت چند دن کی مہما ن ہے، حکمران اب مزید عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، عوام اب خود اس حکومت سے جان چھڑا نا چاہتے ہیں ، جب سے تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالاہے تب سے عوام کو ہر نئے دن ایک نیا بحران دیکھنے کو ملتا ہے، حالیہ آٹے کا بحران بھی وفاقی حکومت کی نا اہلی کیوجہ سے پیدا ہوا ، غریب عوام اس وقت آٹا 70روپے سے بھی مہنگا خریدنے پر مجبور ہیں۔