لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی سی بی میرا 6 کروڑ روپے کا مقروض ہے،یونس خان نے بڑا دعویٰ کر دیا۔ میڈیا سے بات چیت میں یونس خان سے سوال کیا گیا کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر بھی بنادیا گیا، سابق کپتان 32 لاکھ تنخواہ وصول کررہے ہیں،وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی کوچ ہیں،آپ جونیئر ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے تھے لیکن چند لاکھ روپے کی وجہ سے خدمات نہیں لی گئیں۔
جواب میں یونس خان نے کہا کہ میں زندگی میں کبھی پیسے کے پیچھے نہیں بھاگا،تھوڑا پیچھے چلے جائیں تو پتا چلے گا کہ پی سی بی کو میرے 4سے 6کروڑ روپے دینا ہیں، میں نے آج تک ان کا مطالبہ نہیں کیا،پیسہ آپ کے نصیب کا ہوتا اور ملنا ہو تو مل کر رہتا ہے، میں ان چند کرکٹرز میں سے ہوں جو ریٹائر ہوکر گئے۔
میری پاکستان اور پی سی بی کیلیے 17سال کی خدمات ہیں، کرکٹ کھیلی اور اس کی بہتری کیلیے ہی کام کرسکتا ہوں لیکن سمجھ نہیں آتا کہ وہ کیا باتیں ہیں کہ موقع نہیں ملتا، پی سی بی تبدیل نہیں ہوتا یا یونس خان، یہ میری سمجھ سے بالا تر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں مخالفین ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ایسا کوئی شخص نہیں ہوگا جو یونس خان کی خدمات حاصل نہ کرنا چاہے،اگر کوئی ناقد ہو تب بھی میرے ساتھ کام کرنا چاہے گا۔ سمجھ نہیں آتی کہ وہ کیا چیز ہے جو پی سی بی، میرے مزاج یا اسٹرکچر کے مطابق نہیں کہ ہم ایک صفحے پر نہیں آتے۔
یاد رہے کہ راہول ڈریوڈ بھارتی جونیئرز کی کوچنگ کرتے ہوئے بہترین نتائج دینے میں کامیاب ہوئے، پی سی بی اسی نوعیت کا تجربہ کرتے ہوئے یونس خان کی خدمات حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن میڈیا میں رپورٹس سامنے آئیں کہ معاوضے میں چند لاکھ روپے کا فرق ہونے کی وجہ سے معاملات طے نہیں پا سکے۔