لاہور : پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر اور تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ پیرشبیر احمد صدیقی نے کہاہے کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش جذبے سے منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ پیرشبیراحمد صدیقی نے کہا کہ 5فروری کو ہر پاکستانی نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پوری دنیا کو مودی کا بھیانک چہرہ اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم دکھانا ہے، وہ تبھی ممکن ہو گا جب اس دن ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے اپنے گھر سے باہر نکلے گا۔
انہوں نے مزید بتا یا کہ تنظیم مشائخ عظام پاکستان، لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن اور پاکستان مسلم الائنس کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایاجائیگا۔ تمام صوبائی و ضلعی دفاتر اور ذیلی حلقوں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، سیمینارز اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائیگا۔ جبکہ 5فروری کی مرکزی تقریب تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہوگی، جس میں علماء و مشائخ عظام سمیت تمام مکاتب فکر سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔اس حوالے سے تمام ضلعی کوارڈینٹرز کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔