چین (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی وزارت صحت نے پیر کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘ٹویٹر’ پر اپنے اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ چین سے واپس آنے والے دس سعودی طلبا کے ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج منفی تھے ، جس کا مطلب ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب ایئر لائن نے چین کے شہر “گوانگزو” کے لیے پروازیں معطل کرنے کے اعلان کے بعد اتوار کے روز چین کے کرونا سے متاثرہ شہر ووہان سے 10 سعودی طلباء کو وطن واپس لایا گیا تھا۔ واپس لاتے ہی ان کا طبی معائنہ کیا گیا تاہم طبی تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ ہیں۔
سعودی عرب واپس آنے اور کرونا وائرس کا شکار نہ ہونے والے طلباء کو احتیاطی تدابیر کے تحت اسپتال میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت کی مزید جانچ پڑتال کی جاسکے اور کرونا وائرس کی موجودگی کی صورت میں دوسرے لوگوں تک اس کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔ سعودی عرب کی ایک طبی ٹیم ان طلباء کی دیکھ بحال کررہی ہے۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کے روز ووہان سے دس طلبا کو نکالنے میں مدد فراہم کرنے پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ووہان میں پھنسے طلباء کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وہاں سے نکالنے کے لیے چین نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مملکت کےشہریوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔