لاہور : پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صد صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کا گذشتہ 6 ماہ لاک ڈاؤن اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم کو نظر کیوں نہیں آتا۔ کشمیری مسلمان بھائیوں کو حق خودارادیت دلوانے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پرتنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ”کشمیر کانفرنس“ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر پرمسلط ہے۔کشمیریوں کی طرف سے بے بہاقربانیوں کے باوجود کشمیرکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور موثر حل کیلئے پوری دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ اس بات کا کس کو علم نہیں کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نہتے انسانوں سے خون کی ہولی کھیل رہی ہے۔ امریکہ، یورپ سمیت پوری دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ نظر آچکا ہے مگر افسوس صد افسوس کہ کوئی بھی عالمی طاقت بھارت کی بربریت اور سفاکیت پر اسے لگام ڈالنے کو تیار نہیں ہے۔ صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کہاکہ انشاء اللہ عنقریب تحریک آزادی کشمیر ہر صورت کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور کشمیرسے بھارتی تسلط ہمیشہ کیلئے ختم ہوکر رہے گا۔کانفرنس سے دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کرتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم پر شدید تنقید کی ۔ جبکہ اختتام پر ملکی سلامتی اور آزادی کشمیرکیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔