اداکار نبیل پیسا ایوارڈ انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑے

Nabil

Nabil

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار نبیل ظفر دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایوارڈ اسکرین ایوارڈ (پیسا) کی انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا ہے کہ انہوں ہمیں دھوکا دیا۔

اداکار نبیل ظفر نے فیس بک پر اپنی شیئر کردہ پوسٹ میں آج دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ کی انتظامیہ کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے آپ لوگ مجھے پیسا ایوارڈ کی اشتہار کاری میں اور ڈرامہ بلبلے میں بہترین کامیڈی اداکار کی کیٹیگری میں نامزد کیے جانے کے حوالے سے تشہیر دیکھ رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ ایوارڈ ڈرامہ بلبلے میں بہترین اداکاری اور مداحوں کی جانب سے میرے کام کو سراہے جانے کی بنا پر دیا جا رہا تھا اس حوالے سے شو کی انتظامیہ نے اشتہاری کمپنی کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور آج ہونے والے شو میں شرکت کی درخواست کی۔

نبیل نے یہ بھی کہا کہ مجھ سمیت میرے کئی اداکار ساتھیوں اور نامی گرامی اداکاروں سے سفر کے لیے کاغذات مانگے گئے تاہم اس کے بعد سے انتظامیہ نے ہم سے رابطہ نہیں کیا اور ہمارا ابھی ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا، ہم سب شش و پنج کا شکار ہیں کیوں کہ بہت سے لوگ ہماری عدم موجودگی پر ہم سے سوالات کر رہے ہیں۔

نبیل نے یہ بھی کہا کہ یہ مکمل طور پر وعدہ خلافی اور دھوکا دہی ہے کیوں کہ ایوارڈ شو کی تشہیر کے لیے ہمارا نام استعمال کیا گیا جوکہ شو کی انتظامیہ کا غیر اخلاقی عمل ہے، اس شرمناک عمل سے نہ صرف میری بلکہ اُن فنکاروں کی بھی بے عزتی ہوئی ہے جن سے رابطہ اور پھر وعویٰ کیا گیا، در حقیقت یہ ہماری انڈسٹری کا نام بدنام کرنے کے مترادف ہے باالخصوص اُن لوگوں کے سامنے جنہوں نے شو کے ٹکٹ بھی خریدے۔

نبیل نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو مجھے شو میں دیکھنا چاہتے تھے میں انہیں مطلع کر دینا چاہتا ہوں کہ میں اس شو کا حصہ نہیں ہوں۔