یورپ میں خطرناک سمندری طوفان: ٹرانسپورٹ معطل، سکول بند

Europe Hurricane

Europe Hurricane

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) طوفان کا نام کیرا ہے یا زابینے، اس سے قطع نظر خطرناک سمندری طوفان زابینے نے یورپ کے کئی ممالک کو شدید متاثر کیا ہے۔ جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک میں فضائی اور زمینی ٹرانسپورٹ کا نظام درھم برھم ہو چکا ہے۔

سو میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے چلنے والے جھکڑ لیے سمندری طوفان زابینے اتوار کی سہ پہر تک شمالی یورپی ممالک سے ٹکرا چکا ہے اور اب انہی تیز ہواؤں اور بارش کو ساتھ لیے اس کا سفر جنوب کی جانب جاری ہے۔ جرمنی سمیت اس طوفان سے متاثر ہونے والے ممالک کی موجودہ صورت حال درج ذیل ہے۔

جرمنی

جرمنی نے ملک کے بیشتر حصوں کے لیے دوسرا بڑا الرٹ جاری کر رکھا ہے جب کہ بلیک فارسٹ کے علاقوں میں خطرناک ترین درجہ چار کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ طوفان زابینے آج رات ملک کے جنوبی حصوں تک پہنچ جائے گا۔

جرمنی میں ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جس کے باعث درختوں کے گرنے کا خطرہ بھی ہے۔

فرینکفرٹ، ہیمبرگ، برلن، کولون، ہینوور اور بریمن کے ہوائی اڈوں سے پروازیں متاثر ہوں گی۔ بون کولون ایئرپورٹ سے پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے فرینکفرٹ ایئرپورٹ سے کم از کم ایک سو پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جب کہ ہزار سے زیادہ پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم ایئرلائنز موسم کی صورت حال دیکھ کر اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کی مجاز ہیں۔

قومی ریل کمپنی ڈوئچے بان نے طویل فاصلے کی ٹرینیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی کے شمال میں واقع شہر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

فٹبال کی قومی لیگ کا میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ کھیلوں کے دیگر مقابلے اور عوامی تقریبات بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔

برطانیہ

برطانیہ میں سن 2013 کے بعد سے اب تک کا یہ طاقتور ترین طوفان ہو گا جس میں ہوا کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رہنے کا خطرہ ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے ہنگامی سیلاب کے کم از کم 22 وارننگ اور سیلاب کے خطرے کے 149 الرٹ جاری کیے ہیں۔ نقل و حرکت کے بحری، فضائی اور زمینی ذریعے محدود کر دیے گئے ہیں۔

بیلجیم

بیلجیم کو بھی آج نو فروری بروز اتوار صبح دس بجے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں تک زابینے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

برسلز ہوائی اڈے سے اب تک 60 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہے۔ قومی فٹبال لیگ کے آج ہونے والے میچ بھی موخر کر دیے گئے۔

فرانس

فرانس میں بھی حکام نے سیلاب اور طوفان کے باعث ممکنہ خطروں سے خبردار کر رکھا ہے۔ ملک کے شمال اور شمال مغربی علاقے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے اور کچھ علاقوں میں ہوا کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ہالینڈ

ہالینڈ کو آج صبح سے زابینے کا سامنا کرنا پڑا۔ دن کے وقت ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو چکی تھی جو شام تک 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ سے درجنوں پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

آئرلینڈ

آئرلینڈ کے ساحلی علاقوں میں سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ طوفان کی شدت کے پیش نظر زیادہ تر عوامی تقریبات منسوخ کی جا چکی ہیں۔

زابینے ڈنمارک سے ٹکرا چکا ہے۔ مقامی میڈیا نے کئی حادثات ہونے کی اطلاعات دی ہیں تاہم بظاہر اب تک ڈنمارک کے زیادہ تر علاقے شدید طوفان سے بچے رہے ہیں۔

ناروے

ناروے کے محکمہ موسمیات نے آج صبح سے لے کر شام دس بجے تک کے لیے ‘زرد وارننگ‘ جاری کر رکھی ہے۔

سویڈن اور ڈنمارک کے مابین کئی فیریز منسوخ کی جا چکی ہیں اور کئی سڑکوں کو بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔