محکمہ بہبود آبادی اٹک کے زیر اہتمام بلدیہ اٹک کے مادر ِملت ہال میں کاروان قلم اٹک کے تعاون سے ایک بین الصوبائی محفل ِمشاعرہ منعقد کی گئی جس کے رابطہ کار معروف ادیب،افسانہ نگارو کالم نگار ارشاد علی تھے۔ ارشاد علی محکمہ ھذا کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔مشاعرہ سے قبل انہوں نے تمہیدی گفتگو میں کہا کہ محکمہ بہبود آبادی اٹک عوامی شعو ر اور آگاہی مہم کے طور پر ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز , ہومیو پیتھک حکمائ، علمائ، عوامی نمائیندوں ،صحافیوں اور زندگی کے ہر شعبہ سے متعلق افراد کی ورکشاپس , ٹریننگ , سیمینارز اور گروپ مٹینگز منعقد کرواتا رہتاہے ۔ یہی نہیں بلکہ اسی طرح سپورٹس اور ثقافتی شوز بھی منعقد کیے جاتے رہتے ہیں۔
مشاعرے کے باقاعدہ آغاز کے لیے ارشاد علی نے کاروان قلم کے سیکرٹری نزاکت علی نازک کواسٹیج سیکرٹری کے لیے دعوت دی۔ مشاعرہ کی صدارت پاکستان کے معروف نقاد ، ادیب، شاعر، دانشور اور پروفیسر شعبہ اُردو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے کی جبکہ مہمان خصوصی بابائے مردان گوہررحمن گہر مردانوی اور مقامی شاعر مشتاق عاجز تھے ۔
مشاعرہ سے قبل لاہور سے تشریف لانے والے ممتاز بانسری نواز مشرف علی نے بانسری پر خوبصورت دھنیں سنا کر حاضرین محفل کے دل جیت لیے۔اس محفل مشاعرہ میں نزاکت علی ناز، سید معظم شاہ، زین العابدین مخلص، سید حبدار قائم ، سجاد حسین سرمد، اقبال زرقاش، طاہر اسیر ،داود مغل ، انوار احمد شام،عزیز عادل،حسین امجد ، ارشاد علی، سعادت حسن آس, محسن عباس، پروفیسر سید نصرت بخاری ،گوھر رحمان گہر مردانوی،مشتاق عاجز,، ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد ،نے اپنا خوبصورت کلام پیش کیا اور حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔
ارشاد علی نے پنجابی ماہیے پیش کرکے خوب داد وصول کی جبکہ معروف گیت نگار کالم نگار اقبال زرقاش نے اُردو اور سرائیکی کلام سے محظوظ کیا ۔ان کا مندرجہ ذیل شعر حاضرین مشاعرہ نے خوب پسند کیا اورداد تحسین سے انہیں نوازا۔
تغیر کا، تبدل کا ، نظارہ دیکھ سکتا ہوں نجومی تو نہیں لیکن ستارہ دیکھ سکتا ہوں
یاد رہے کہ اقبال زرقاش بابائے تھل فاروق روکھڑی ، بابائے مردان گوھر رحمان گہر ، پروفیسر ڈاکٹر عادل صدیقی کے شاگرد ِرشید ہیں۔ ان کے دوستوں زین العابدین مخلص , انوار احمد شام اورگوھر رحمان گہر نے مردان صوبہ خیبر پختونخواہ سے خصوصی طور پر تشریف لاکر اپنا خوبصورت اُردو کلام پیش کرکے قومی یکجہتی کا عملی نمونہ پیش کیا ۔
دوران مشاعرہ چائے اور دیگر لوازمات جبکہ اختتام پر ایک مقامی ہوٹل میں بہترین طعام سے محکمہ بہبود آبادی کی طرف سے تواضع کی گئی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیر آفیسر اٹک ظفر اقبال رحمانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماجی، ثقافتی ، علمی وادبی رابطوں کے ذریعے مختصر خاندان خوشحال پاکستان کا تصور اجاگر کرنے، وسائل اور آبادی میں توازن پیدا کرنے کے لیے محفلِ مشاعرہ جیسی خوبصورت تقریبات آئندہ بھی منعقد کی جاتی رہیں گیـ