ماسکو (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے سعودی عرب اور روس کی سرمایہ کار کمپنیاں مشترکہ سرمایہ کاری کے معاملے پر بات چیت کر رہی ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔
روس اور سعودی سرمایہ کار کمپنیوں کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری پر مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب دوسری طرف روس تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ‘اوپیک’ کے ارکان کے ساتھ عالمی منڈی میں تیل کے مشترکہ منصوبوں اور دیگر سرمایہ کاری منصوبوں پر مذاکرات اور معاہدے کر رہا ہے۔
سعودی عرب اوپیک کے رکن ملک کی حیثیت سے روس سمیت دوسرے ممالک کوبھی تیل کی پیداوار میں کمی اور متبادل توانائی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری پر قائل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
روسی سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کا کہنا ہے یہ جلد ہی سعودی سرمایہ کار کمپنیوں کے عہدیدار ماسکو کا دورہ کریں گے۔ ماسکو میں روس اور سعودی عرب کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری پر دوبارہ بات چیت ہوگی۔