پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

Peshawar Zalmi - Quetta Gladiators

Peshawar Zalmi – Quetta Gladiators

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل فائیو کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کامران اکمل نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

بعد ازاں کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور وہ 55 گیندوں پر 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ حیدر علی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔ کوئٹہ کی جانب سے فواد احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، واٹسن صرف 8 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے تاہم اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے ذمہ دارنہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ بڑی شارٹس مارنے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروانے والے اعظم خان 9 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ جیسن روئے 73 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ عامر خان اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔