لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل فائیو کے ساتویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ کرس لین 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور فخرزمان 33 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور وکٹ کیپر بیٹسمین ڈین ولاس بھی صرف 3 رنز ہی بناسکے تاہم محمد حفیظ نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور سمت پٹیل کے ساتھ مل کر 51 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر پٹیل صرف 10 رنز ہی بناسکے۔
ڈیوڈ ویزے نے 8 گیندوں پر 19 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ محمد حفیظ 98 رنز ناٹ آؤٹ رہے جس پر قلندرز نے یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، احمد عبداللہ، محمد موسی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ہدف کی جانب رواں دواں رہی تاہم لاہور نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پے در پے اسلام آباد کے 9 کھلاڑی آؤٹ کردیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 183 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر محض ایک گیند قبل حاصل کیا۔
اسلام آباد کی جانب سے محمد موسیٰ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب کہ مین آف دی میچ شاداب خان کو قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز کی پی ایس ایل میں یہ مسلسل آٹھویں شکست ہے، قلندرز کو گزشتہ پی ایس ایل میں مسلسل 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ اس سیزن میں مزید دو میچز ہار چکی ہے۔