چین (اصل میڈیا ڈیسک) نئے مہلک کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2715 ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق نہایت مہلک وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین کے اندر مزید 52 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے۔
زیادہ ہلاکتیں چین ہی میں ہوئی ہیں جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہزار 64 ہو گئی، گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 406 کیس سامنے آئے ہیں، تاہم گزشتہ روز متاثرہ 2422 افراد صحت یابی کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج بھی کیے گئے جو ایک اہم کامیابی سمجھی جاتی ہے، کیوں کہ وائرس سے مریض صحت یاب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔