ادلب (اصل میڈیا ڈیسک) شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں جاری لڑائی کے دوران ترکی نے شامی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے ادلب اور حلب کے دیہی علاقوں میں ترکی کے ڈرون طیاروں کے حملوں کے نتیجے میں 26 شامی حکومت فورسز اور اس کے وفادار بندوق برداروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق گذشتہ 48 گھںٹوں کے دوران ترکی کے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے شامی فوجیوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔
العربیہ چینل کے مطابق ترکی کے جنگی طیاروں نے زربہ ، سراقب اور معرہ النعمان کے مضافات میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ترکی کی بمباری کے نتیجے میں ادلب لبنانی حزب اللہ کے 10 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ حزب اللہ کے علاوہ دوسرے گروپوں کے چار جنگجو بھی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ایرانی پاسداران انقلاب کا افسر بتایا جاتا ہے۔
ترک فوج نے شام میں کارروائی کے دوران بشارالاسد کی 13 فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔
سیرین آبزرویٹری کے مطابق ادلب کے نواحی علاقوں بالخصوص جبل الزاویہ، سھل الغاب اور دیگر مقامات پر شامی فوج اور اپوزیشن جنگجوئوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں 55 افراد ہلاک ہوگئے۔ شامی فوج نے مزید چار دیہات باغیوں سے واپس لے لیے۔
اتوار کے روز روسی فوج نے ادلب کے مضافات اور حلب میں کفر نوران اور الاتارب میں اپوزیشن جنگجوئوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔