طرابلس (اصل میڈیا ڈیسک) لیبیا کے مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ دارالحکومت طرابلس کے معیتیقہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر زور دار دھماکوں کے بعد ہوائی اڈے کو خالی کرالیا گیا ہے۔ حملے کے بعد ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔
ادھر ہوائی اڈے کے آفیشل فیس بک صفحے پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈے پر بمباری اور دھماکوں کے بعد عملے کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔
معیتیقہ ہوائی اڈے پر کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے اور متبادل کے طورپر مصراتہ ہوائی اڈے کو استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معیتیقہ ہوائی اڈے پر 15گولے گرے۔
قبل ازیں منگل کے روز لیبیا کی نیشنل آرمی نے معیتیقہ ہوائی اڈے پر ترکی کی فوجی تنصیبات کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ لیبی فوج کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈے پر ترکی حال ہی میں دفاعی تنصیبات قائم کی تھیں جنہیں ڈرون طیاروں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔