کورونا وائرس؛ امریکا میں برطانیہ کے سوا تمام یورپی ممالک سے داخلے پر پابندی

President Trump

President Trump

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے سوا تمام یورپی ممالک سے امریکا داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے متعلق قوم سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے سوا تمام یورپی ممالک سے امریکا داخلے پر30 روزکے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ صدرٹرمپ نے کہا کہ یورپ سے امریکا کیلیے سفری پابندیوں کا اطلاق جمعہ کی شب سے ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یورپی یونین نے انسداد کورونا کیلیے فوری اقدامات نہیں اٹھائے، امریکا آنے والےافراد کورونا پھیلانے کا سبب ہیں، سفری پابندیاں قبل ازوقت ختم کرنے کیلیے صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے، بزرگ امریکی غیرضروری سفرکریں، نہ اجتماعات میں جائیں، امریکی عوام کی حفاظت کیلیے پورازورلگادیں گے۔

صدر ٹرمپ نے بعض اداروں کیلیے ٹیکس ادائیگی 3 ماہ موخرکرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے متاثرہ افراد اورملازمین کیلیے جلدریلیف کا اعلان کروں گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یورپی ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہزارسے تجاوزکرگئی ہے جن میں سے 10 ہزاراٹلی میں ہیں جہاں وائرس سے 631 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے پھیلنے والے مرض کو ’عالمی وبا‘ (پینڈیمک) کا درجہ دیدیا ہے۔