دنیا بھر میں‌ کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کر گئی

Corona Virus

Corona Virus

چین (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ پھیلنے والے کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

چین میں کرونا وائرس میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی فہرست میں شامل ہونے والے افریقی ممالک کی تعداد بیس ہوگئی ہے۔

ایک نئی پیشرفت میں روس نے کرونا کی وجہ سے پولینڈ اور ناروے کے ساتھ اپنی زمینی سرحد غیر ملکیوں کے لیے بند کردی ہے۔

چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ہفتے کے روز بتایا کہ چینی سرزمین میں گذشتہ روز کرونا وائرس کے 11 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جب کہ گذشتہ سے پیوستہ روز کرونا کے 8 کیسز سامنے آئے تھے۔ چین میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 80 ہزار 824 ہوگئی ہے۔

تازہ اموات وسطی چین کے صوبہ ہوبی میں وبا کے پھیلنے والے مرکز میں ہوئی ہیں اور ان میں سے دس صوبائی دارالحکومت ووہان میں ہوئیں۔

تائیوان کی حکومت نے کہا ہے کہ 17 مارچ سے یورپ میں شینگن سے آنے والے تمام افراد ، نیز برطانیہ ، آئرلینڈ اور دبئی سے آنے والے تارکین وطن کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 14 دن کے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے 107 نئے کیس درج کیے گئے جس کے بعد کرونا کے کل متاثرین کی تعداد 8،086 ہوگئی۔
تازہ ترین اعدادوشمار نئے کیسوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ جمعہ کے روز جنوبی کوریا میں کرونا کے 110 کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ ایک سال قبل کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملے کے متاثرین کے قومی اعزاز کو کرونا وائرس کے خدشے کے سبب منسوخ کردیا گیا ہے۔

وینزویلا میں جمعہ کو کورونا وائرس کے پہلے دو کیسز کی تشخیص ہوئی تھی۔ دو متاثرین میں ایک مرد اور ایک خاتون ہیں جو یورپ سے واپس آئے ہیں۔

گوئٹے مالا میں حکام نے امریکا اور کینیڈا سمیت کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے سیاحوں اور دوسرے لوگوں‌کی آمد پرپابندی کا اعلان کیا ہے۔

کینیا ، ایتھوپیا ، سوڈان ، گنی ، موریتانیا اور سواتینی (سابقہ سوازیلینڈ) نے کرونا وائرس کے پہلے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ اس طرح کرونا سے متاثر ہونے والے افریقی ملکوں‌کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

براعظم جنوبی افریقا کے ایک چھوٹے سے ملک ای سواتینی میں ایک 33 سالہ خاتون کا پہلا کرونا کیس سامنے آیا ہے۔ یہ خاتون فروری کے آخر میں امریکا سے واپس آئی تھی۔

سینیگال میں مزید 11 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا متاثرین کی کل تعداد 21 ہوگئی ہے۔