لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز فوری طور پر ملتوی کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
پی ایس ایل سیمی فائنل کے پہلے مقابلے میں آج لاہور میں ملتانز سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونا تھا جب کہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان تھا۔
پہلا سیمی فائنل دوپہر 2 بجے اور دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے کھیلے جانا تھا لیکن آج کے میچز کو فوری ملتوی کردیا گیا جب کہ فائنل کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد کھیلنےکو تیار نہیں اس لیے ایونٹ ختم کرنے کا فیصلہ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کےاجلاس میں کیا گیا جب کہ پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو فیصلے سےآگاہ کردیا۔
پاکستان سپر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر شعیب اختر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈاؤن ہوگیا ہے، تقریبات منسوخ ہوگئی ہیں، پی ایس ایل ایک ہفتہ پہلے منسوخ کردینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے پی ایس ایل منسوخ کر کے کہنا چاہیے تھا ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ کراوڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، یہ پی سی بی کا اچھا اقدام ہے۔
فیصلہ درست وقت پر کیا گیا: عبدالرزاق جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ فیصلہ بہت اچھا ہے، لیگ کو پہلے ہی ملتوی کردیا جاتا تو اچھا تاثر نہ جاتا اس لیے فیصلہ درست وقت پر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام مایوس ہوئے ہوں گے اور انہوں نے ٹورنامنٹ کے اختتام کو انجوائے نہیں کیا۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس کے باعث سب سے پہلے ایونٹس کے میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کا اعلان کیا گیا تھا پھر بعد میں اس کے میچز محدود کردیے گئے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحد کو 14 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور مدارس بھی 5 اپریل تک بند رہیں گے۔