کراچی : چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ضلع شرقی میں علاقوں کو بہتری کی جانب گامزن کرنے اور بلدیاتی مسائل کو دور کرنے کیلئے چارج سنبھالنے کے بعد سے اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ جو بھی کام سرانجام دے رہے ہیں اس کی حفاظت کی ذمہ داری عوام خود بھی لیں کوشش یہ ہی ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عوام کی مشکلات میں جہاں تک کمی لاسکتے ہیں لائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 28 کے چیئرمین خالد اجمیری ، وائس چیئرمین عثمان مقصود اور ایس ای ایسٹ اظہر حسین شاہ کے ہمراہ یوسی 28 کے مختلف علاقوں بالخصوص میٹرول کالونی ، کمشنر سوسائٹی اور بخش علی گوٹھ میں بلدیاتی مسائل اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ چیئرمین معید انور نے اس موقع پر میٹرول کالونی میں سڑکوں کی استرکاری کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہے اسے فوری درست کرکے سڑک کو ہموار کیا جائے ، اگر اس سے قبل نکاسی آب کا مسئلہ پیش آرہا ہے تو اسے ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے،اس دوران کمشنر کالونی میں انہوں نے پارک کی درستگی کے بھی احکامات دئیے بعد ازاں چیئرمین معید انور نے بخش علی گوٹھ میں بھی بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیا جہاں پر علاقہ مکینوں نے انکا زبردست استقبال کیا اور چیئرمین معید انور کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال میں پہلی دفعہ یہ قیادت ایسی ہے جو کہ ہمارے مسائل کے حل کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔
چیئرمین معید انور نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے یہاں کی ترقی کیلئے جو کیاوہ یہاں کے مکینوں کا بنیادی حق ہے ، پہلے درجے میں اس علاقے سے پانی وسیوریج کے مسائل کا خاتمہ کیا گیا اور اب سڑکوں کی استرکاری کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں جبکہ دیگر بلدیاتی خدمات کو بھی یقینی بنایا جائیگا ، ہمیں بہت خوشی ہے کہ یہاں کے مکینوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں علاوہ ازیں چیئرمین معید انور نے کمشنر سوسائٹی کا بھی دورہ کیا جہاں پر میدان کو پارک میں تبدیل کرنے کے حوالے سے احکامات دیئے جو کہ یہاں کے مکینوں کا بھی دیرینہ مطالبہ ہے جبکہ تکون پارک کو مزید بہتر کرنے اور اس کی تزین و آرائش کے کام کو مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر چیئرمین معید انور نے سمامہ سے متصل مارکیٹ میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ از خود دکان کے باہر کی اضافی جگہ کو خالی کردیں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس توقیر عباس ، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات زاہد بن خلیل ودیگر متعلقہ افسران کے علاوہ یوسیز کے نمائندگان کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقہ مکین موجود تھے۔