بیجنگ (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آتی جا رہی ہے لیکن چینی حکام نے اس وائرس کی وبا کے مرکز صوبے ہوبے میں قرنطینہ میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے اور وہاں حالات بتدریج معمول پر آتے جا رہے ہیں۔
چینی دارالحکومت بیجنگ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہوبے وسطی چین کا وہی صوبہ ہے، جس کے شہر ووہان سے کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کا آغاز ہوا تھا اور اب تک یہ مہلک مرض دنیا کے تقریباً پونے دو سو ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ دنیا بھر میں کووڈ انیس سے اب تک لاکھوں انسان بیمار اور ہزارہا ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہوبے کی صوبائی انتظامیہ کی طرف سے منگل چوبیس مارچ کو بتایا گیا کہ اس چینی صوبے میں قرنطینہ کی بہت سخت شرائط میں اب نرمی کی جانے لگی ہے اور عنقریب ہی عوامی سفر پر لگائی گئی پابندیاں بھی جزوی طور پر اٹھائی جانے لگیں گی۔ صوبائی حکومت نے کہا کہ منگل اور بدھ کے درمیان نصف شب سے ہوبے میں عام شہریوں کو دوبارہ اپنے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔ اس نرمی کا اطلاق تاہم ووہان شہر پر فی الحال نہیں ہو گا۔
ووہان ہوبے کا کئی ملین کی آبادی والا وہی شہر ہے، جو کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور جسے اس بیماری کا مرکز قرار دیا گیا تھا۔ ہوبے میں چینی کمیونسٹ پاٹی کی اعلیٰ قیادت نے کہا ہے کہ ووہاں میں بھی حالات اب تیزی سے معمول کی طرف آتے جا رہے ہیں اور وہاں عام شہریوں کو آٹھ اپریل سے یہ اجازت ہو گی کہ وہ اگر چاہیں تو ووہان سے نکل کر دوسرے شہروں تک کا سفر کر سکیں گے۔
نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ حکام نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ ووہاں سے باہر جانے کے لیے عام شہریوں کو ایک گرین کوڈ پر عمل کرنا ہو گا۔ اس سے مراد یہ ہے کہ صرف انہی شہریوں کو ووہان سے باہر جانے کی اجازت ہو گی، جن کے بارے میں طبی طور پر یہ طے ہو چکا ہو گا کہ وہ صحت مند ہیں اور کووڈ انیس کی بیماری میں مبتلا نہیں ہیں۔
چینی صوبے ہوبے کی آبادی تقریباً ساٹھ ملین یا چھ کروڑ ہے اور یہ صوبہ گزشتہ چند ماہ سے مکمل طور پر قرنطینہ میں ہے۔ اس دوران ووہان شہر میں تو حالت یہ تھی کہ وہاں کے کئی ملین شہریوں کو گزشتہ کئی ہفتوں سے اپنے گھروں سے نکل کر باہر سڑکوں تک آنے کی بھی اجازت نہیں تھی۔
چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف بہت سخت حکومتی اقدامات کی وجہ سے گزشتہ ہفتے یہ بھی ہوا تھا کہ پورے ملک کے کسی بھی حصے میں کووڈ انیس کے کسی بھی نئے مریض کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔ گزشتہ منگل کے روز بیجنگ میں ملکی ہیلتھ کمیشن نے بس یہ کہا تھا کہ پورے ملک میں کورونا وائرس کے مزید 74 مریضوں کی تشخیص ہوئی تھی۔
یہ تمام مریض ایسے چینی باشندے تھے، جو بیرون ملک سے واپس وطن لوٹے تھے۔ اب تک چین میں ایسے مریضوں کی مجموعی تعداد چار سو ستائیس بنتی ہے، جو دیگر ممالک سے واپس چین پہنچے تھے اور کورونا وائرس کا شکار ہو چکے تھے۔
دارالحکومت بیجنگ میں صحت کے قومی کمیشن کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں آج منگل چوبیس مارچ تک کووڈ انیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 3277 بنتی ہے۔ ان میں سے سات افراد کا انتقال کل پیر کے روز ہوا۔
حکام کے مطابق ہانگ کانگ کو چھوڑ کر باقی ماندہ چین میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی سرکاری تعداد اکیاسی ہزار ایک سو اکہتر بنتی ہے، جن میں سے تہتر ہزار کے قریب اب تک پوری طرح صحت یاب ہو چکے ہیں۔ تقریباً سوا تین ہزار ہلاک شدگان کو نکال کر اس مرض میں مبتلا جتنے بھی مریض باقی بچتے ہیں، وہ سب کے سب ابھی تک زیر علاج ہیں۔