امریکا کورونا وبا کا نیا مرکز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار ہو گئی

Coronavirus

Coronavirus

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 30 ہزار سے تجاوز کر گئیں اورمتاثرین کی تعداد ساڑھے 6 لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ 1 لاکھ 37 ہزار 319 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ہرگزرتے دن کےساتھ کورونا کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب امریکا وباءکا نیا مرکز بن کر سامنے آرہا ہے۔

امریکا میں متاثرین کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ1 لاکھ 16 ہزار 505 اور ایک ہی دن میں چار سو افرادکی موت سے ہلاکتوں کی تعداد 19 سو سے زیادہ ہوچکی ہے۔ نیو یارک سنسان پڑا ہے اور ملک کی اکثر ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار زندگی معطل ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہیں۔

اٹلی میں کوروناسےمرنےوالوں کی تعداد 10 ہزارسے زائد ہوگئی ہے اور اسپین میں کورونا سے ہلاکتیں 6 ہزار تک جا پہنچی ہیں۔ ایران میں ڈھائی ہزار افراد وائرس کا شکارہوچکےہیں۔ جب کہ فرانس میں23 سو سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

لندن میں ہوُ کا عالم ہے،طبی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ کوئی گھروں سےنہیں نکل رہا۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 17 ہزار اور ہلاکتیں ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کےابتدائی مرکز ووہان شہر کو جزوی طور پر کھول دیاگیا ہے۔ شہرمیں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم شہر سےباہر جانے پرپابندی برقرار ہے۔