اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے لاک ڈاؤن ضروری ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا سے متعلق ہر ملک کے اپنے حالات ہیں، ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق کورونا سے متعلق حکمت عملی طے کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک میں کوروناکی صورتحال زیادہ خراب ہے لیکن پاکستان کو کورونا سے زیادہ خطرہ نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے لاک ڈاؤن ضروری ہے اور وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی فاصلہ بھی ضروری ہے لیکن اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، اس لیے صورتحال کا جائزہ لے کر حکمت عملی بنانی ہو گی۔
ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھا رہا ہے جو فائدے مند ثابت ہوگا۔
بھارت میں لاک ڈاؤن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں سوچے سمجھے بغیر 21 دن کا لاک ڈاون کیا گیا، اب بھارتی حکومت لوگوں سے معافی مانگ رہی ہے، وہاں نقل مکانی کی سنگین صورتحال پیداہوئی ہے اور اسٹاک مارکیٹ بھی بیٹھ گئی۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت ایسی نہیں کہ کورونا سے پیدا صورتحال کو برداشت کر سکیں اس لیے قرضوں کو ری شیڈول کیا جائے، اس کی تجویز جی 20 اجلاس میں پیش کی گئی جس پر اقوام متحدہ نے بھی اتفاق کیا۔