اسپین (اصل میڈیا ڈیسک) اسپین امریکا اور اٹلی کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے، جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اس وائرس کے باعث دنیا بھر میں پونے نو لاکھ انسان بیمار اور ساڑھے تینتالیس ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔
پوری دنیا میں اب کورونا وائرس کے مریض اسپین سے زیادہ صرف اٹلی اور امریکا میں ہیں۔ امریکا میں ان کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ نوے ہزار اور اٹلی میں تقریباﹰ ایک لاکھ چھ ہزار بنتی ہے۔ اسپین میں مزید اضافے کے بعد اب ایسے متاثرین کی تازہ ترین تعداد ایک لاکھ دو ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
یوں صرف ان تین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں اس وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ اٹھانوے ہزار ہو چکی ہے۔
عالمی سطح پر کورونا وائرس کی مریضوں کی مجموعی تعداد عالمی وقت کے مطابق بدھ یکم اپریل کی سہ پہر دو بجے تک پونے نو لاکھ سے زیادہ ہو چکی تھی۔
یوں اس وقت پوری دنیا میں کورونا اوائرس کے مریضوں میں سے پینتالیس فیصد سے زیادہ کا تعلق صرف امریکا، اٹلی اور اسپین سے ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک عالمی سطح پر ساڑھے تینتالیس ہزار سے زائد انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں، جن کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار کے قریب بنتی ہے۔ اٹلی کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے اعتبار سے اسپین دوسرے نمبر پر ہے، جہاں یہ وائرس نو ہزار سے زائد انسانوں کی جان لے چکا ہے۔ تیسرے نمبر پر امریکا کا نام آتا ہے، جہاں کووِڈ انیس چار ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بن چکا ہے۔
یوں صرف اٹلی، اسپین اور امریکا میں اس وائرس کے ہاتھوں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے پچیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
کورونا وائرس اب تک اگرچہ دنیا کے ایک سو اسی ممالک اور خطوں میں پھیل چکا ہے، لیکن اس کی وجہ سے تین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہلاکتیں اتنی زیادہ ہیں کہ وہ دنیا بھر میں ایسی اموات کا تقریباﹰ ساٹھ فیصد بنتی ہیں۔
اس کا مطلب یہ کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں کہیں بھی مرنے والے ہر دس افراد میں سے چھ کا تعلق امریکا، اٹلی اور اسپین سے تھا۔