اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب میں کورونا کے مریضوں کو آزمائشی بنیادوں پر ملیریا کی دوا دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس حوالے سے بتایا کہ کوئی فزیشن دوا دے رہا ہے تو وہ کچھ کہہ نہیں سکتیں تاہم حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کے مریضوں کو آزمائشی بنیادوں پر ملیریا کی دوا دینی شروع کی جائے کیونکہ دوا کے استعمال کے بعد ہی نتائج اخذ کیے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے پاس دوا موجود ہے اور مزید 50 ہزار گولیاں بھی خرید لی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میواسپتال لاہورکے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا تھا کہ یہاں سے 8 مریض صحت یاب ہو کر گئے ہیں، جنہیں فزیشن نے ملیریا کی دوا دی تھی، بظاہر اس دوا کے بہتر نتائج لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کو مکمل 14 دن رکھا گیا تاہم ان میں کوئی تشویش ناک مریض شامل نہیں تھا۔
دوسری جانب میڈیسن مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں سے ملیریا کی دوا غائب ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ڈرگ اینڈ فوڈ ایڈمنسٹریشن نے کورونا کے مریضوں کے لیے مشروط طور پر ملیریا کی دوا استعمال کرنے کی منظوری دی ہے۔